بھارت نے پاکستان کو دہشت گردی کا ایک عالمی مرکز قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ پاکستان دعویٰ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں آگے آگے ہے۔ کَل اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھارت کے مستقل نمائندے Parvathaneni Harish نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا عالمی مرکز ہے، جو اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل 20 سے زیادہ دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہا ہے اور سرحدپار کی دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے۔ جناب ہریش نے اس بات کو اُجاگر کیا کہ بھارت، جیش محمد اور حرکت المجاہدین جیسے گروپوں اور درجنوں دیگر تنظیموں کے توسط سے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار رہا ہے۔
انہوں نے کشمیر سے متعلق پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے بیان کا بھی جواب دیا اور زور دے کر کہا کہ یہ پاکستان ہی ہے، جو جموں وکشمیر کے کچھ حصوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کئے ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ جموں وکشمیر خطے کے عوام نے گزشتہ سال کے انتخابات میں اپنی سرکار چننے کیلئے بڑی تعداد میں ووٹ دے کر بھارت کے ساتھ اپنی وابستگی اور وفاداری ایک بار پھر واضح کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برعکس جموں وکشمیر میں جمہوریت مستحکم اور فعال ہے۔×