بھارت نے، مرکز کے زیرانتظام علاقے میں واقع، کشن گنگا اور رتلے پن بجلی پروجیکٹوں پر، ثالثی کی نام نہاد عدالت کی طرف سے جاری ایک حکم کو مسترد کردیاہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ثالثی کی اِس غیرقانونی عدالت کی طرف سے جاری کئے گئے اِس ضمنی حکم کو مسترد کردیاہے۔ یہ عدالت مبینہ طور پر وادی سندھ کے آبی سمجھوتے 1960 کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔
وزارت نے کہا کہ بھارت نے، ثالثی کی اِس عدالت کے قانونی جواز کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔ وزارت نے اِس عدالت کی تشکیل کو وادی سندھ کے آبی سمجھوتے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیاہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ اِس عدالت کے سامنے جو کچھ بھی کارروائی کی جائے گی یا کوئی فیصلہ کیا جائے گا وہ غیرقانونی ہوگا۔
وزارت نے کہا کہ وادی سندھ کا آبی سمجھوتہ، پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت کی طرف سے معطل کردیا گیاہے۔ یہ فیصلہ، پاکستان کی طرف سے کی جانے والی، سرحد پار کی دہشت گردی کے تناظر میں کیاگیاہے۔
وزارت خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی یہ ایک اور تازہ ترین چالاکی ہے کہ اُس نے یہ ناکام کوشش کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے عالمی مرکز کے طور پر اپنے رول کی جوابدہی سے بچ سکے۔×