بھارت نے رام مندر میں پرچم کشائی کی تقریب پر پاکستان کے حالیہ تبصروں کی نکتہ چینی کی ہے اور زور دے کر کہا ہے کہ پڑوسی ملک کو دوسروں پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ آج شام نئی دلّی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بھارت، اِن تبصروں کو سختی کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے، جو اپنی اقلیتوں کے ساتھ تعصب، جبر اور زیادتی کا داغدار ریکارڈ رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو کہا کہ وہ اپنی گریبان میں جھانکے اور حقوقِ انسانی سے متعلق اپنے نہایت ہی خراب ریکارڈ پر توجہ دے۔
وزارت خارجہ نے شنگھائی ایئر پورٹ پر اروناچل پردیش کے ایک شہری کی حراست سے متعلق چین کی من مانی کارروائیوں کی نکتہ چینی کی ہے۔ چین سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اروناچل پردیش، بھارت کا ایک اٹوٹ حصہ ہے اور چین کے انکار سے اس حقیقت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست پر، جناب جیسوال نے کہا کہ اس طرح کی ایک درخواست موصول ہوئی ہے اور جاری عدالتی اور داخلی قانونی عمل کے حصے کے طور پر اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش میں امن، جمہوریت، شمولیت اور استحکام سمیت وہاں کی عوام کے بہتر مفاد کے تئیں عہد بند ہے۔x