September 11, 2025 9:52 PM

printer

بھارت نے جزیرہ نما ملک میں بنیادی ڈھانچے، روزگار اور حفظانِ صحت کو مستحکم کرنے کی غرض سے ماریشس کیلئے خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے ماریشس کیلئے آج ایک خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا۔ یہ پیکیج بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے، روزگار کے مواقع وضع کرنے اور جزیرہ نما ملک میں صحت دیکھ بھال کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ہے۔ جناب مودی نے یہ بات اترپردیش کے شہر وارانسی میں ماریشس کے اپنے ہم منصب نوین چندر رام غلام کے ساتھ وسیع پیمانے کی بات چیت کرنے کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ بات چیت کے بعد دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں چار معاہدوں پر دستخط کئے۔ وزیر اعظم رام غلام کَل روحانی شہر وارانسی پہنچے تھے۔ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم مودی نے یہ کہتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے کا اعادہ کیا کہ بھارت اور ماریشس، دو ملک تو ہیں لیکن ہمارے خواب ایک ہی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور ماریشس صرف شراکت دار نہیں بلکہ ایک کنبہ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ماریشس کے نوآبادیاتی نظام سے آزادی اور اُسے مکمل طور پر تسلیم کرنے کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت سے باہر کسی دوسرے ملک میں پہلا جن اوشدھی کیندر اب ماریشس میں قائم کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ توانائی کا تحفظ، باہمی شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ IIT مدراس اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹیشن مینجمنٹ نے ماریشس کی یونیورسٹی کے ساتھ سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ دونوں لیڈروں کے درمیان باہمی بات چیت میں تعاون کی تمام جہتوں کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان، سائنس اور ٹیکنالوجی، بحری جغرافیائی، انتظامیہ کی تربیت اور ٹیلی میٹری کے شعبے میں چار مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔ بجلی کے شعبے، چھوٹے ترقیاتی پروجیکٹوں اور ہائیڈرو گرافی کیلئے بھارتی امداد فراہم کرنے کے تین مزید دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ بات چیت میں بھارت اور ماریشس کے درمیان تہذیبی رابطے، روحانی ہم آہنگی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو بہتر بنانے کا بھی ایک بار پھر اعادہ کیا گیا۔ ماریشس کے وزیر اعظم 9 سے 16 ستمبر تک بھارت کے ایک ہفتہ طویل سرکاری دورے پر ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔