بھارت نے آج ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی خبروں اور امریکہ اور قطر کی جانب سے ادا کئے گئے رول کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں یہ بات دوہرائی ہے کہ خطے میں مختلف تنازعات کے ازالے اور حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا۔ وزارت نے کہا ہے کہ بھارت اِن کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے اور امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق پائیدار امن واستحکام کیلئے اقدامات کریں گے۔
اس نے مزید کہا ہے کہ بھارت مجموعی اور پائیدار علاقائی سلامتی واستحکام کیلئے سبھی امکانات کے سلسلے میں گہری تشویش رکھتا ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے دونوں پر نکتہ چینی کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو سے اُن اسرائیلی طیاروں کو واپس بلانے کو کہا ہے، جو ایران کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔ ٹرمپ نے اسرائیل کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایران پر بمباری نہ کرے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تنازعہ کے پس منظر میں امریکہ، ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتا۔
اس دوران اسرائیل کے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اُس نے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد ایران پر حملے روک دیے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اُن کا ملک تب تک جنگ بندی کا احترام کرے گا، جب تک اسرائیل اِس کی پاسداری کرے گا۔ صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران بات چیت کیلئے تیار ہے اور ایرانیوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر تازہ حملے کیے اور ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ اسرائیلی حکام نے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ایران کی جانب سے داغے گئے تین میزائلوں کے جواب میں تہران کے قریب ریڈار تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی تصدیق کی۔ ایران کے Babol اور Babolsar شہروں سمیت اُس کے شمالی صوبے Mazandaran میں دھماکوں کی خبر ہے، جس کے بعد فضائی دفاعی نظام، فعال ہوگیا۔
اس دوران تہران نے کسی نئے میزائل کے داغے جانے سے انکار کیا ہے۔ ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے اسرائیل کے اُس دعوے کو مسترد کر دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے گزشتہ گھنٹوں میں اسرائیل پر میزائل داغے ہیں۔
ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے آخری میزائل حملے، جنگ بندی کے اعلان سے محض چند منٹ پہلے کیے گئے، جو کہ اسرائیل کے بعد مہلک حملوں کا ردّ عمل تھا۔ اس دوران ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم سے سیدھے بات چیت کے بعد کسی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ علاقائی فضائی آمد و رفت بتدریج بحال ہو رہی ہے۔ اِدھر ایئر انڈیا نے آج سے مغربی ایشیا کیلئے اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Site Admin | June 24, 2025 9:54 PM
بھارت نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صلح کے فوراً بعد جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے پر اسرائیل اور ایران کی سرزنش کی ہے