بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے، جس میں فلسطین کے مسئلے کو، پُرامن طریقے سے حل کرنے اور دو مملکتی حل پر عمل درآمد سے متعلق ”نیویارک اعلامیے“ کی توثیق کی گئی ہے۔
یہ قرارداد کَل فرانس نے پیش کی اور اِسے 142 ملکوں نے منظور کیا، جبکہ10 ملکوں نے اِس کی مخالفت کی اور 12 ممالک ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ اِس قرارداد کے خلاف ووٹ دینے والے ملکوں میں ارجنٹینا، ہنگری، اسرائیل اور امریکہ ہیں۔
اعلامیے میں رہنماؤں نے، غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی کرنے سے اتفاق کیا تاکہ اسرائیل-فلسطین تنازعے کے دو مملکتی حل پر، مؤثر عمل درآمد پر مبنی ایک منصفانہ پُرامن اور مستقل طریقِ کار تلاش کیا جا سکے، نیز فلسطینیوں، اسرائیلیوں اور خطے کے سبھی لوگوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کی جا سکے۔
اعلامیے میں اسرائیلی قیادت سے کہا گیا ہے کہ وہ دو مملکتی حل کے تئیں عوامی سطح پر ایک واضح عہد جاری کرے، جس میں ایک خود مختار اور قابل عمل فلسطینی مملکت شامل ہو۔x