بھارت اور نیپال نے توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں توانائی کی باہمی تجارت اور روابط کو مستحکم کرنے کی خاطر سرحد پار بجلی کی ترسیل کی نئی لائنوں کو تیار کرنے کیلئے آج دو بڑے معاہدوں پر دستخط کیے۔ بھارت کی پاور گِرڈ اور نیپال الیکٹریسٹی اتھارٹی کے درمیان اِن معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اِن معاہدوں کے تحت نیپال کے Inaruwa سے بھارت میں New Purnea تک 400 کلو وولٹ کی بجلی کی ترسیل کی لائن نیز نیپال میں Lamki, Dododhara سے بھارت کے بریلی تک 400 کلو وولٹ کا بجلی ترسیلی نظام تیار کیا جائے گا۔ اِن معاہدوں پر دستخط کی تقریب نئی دلّی میں بجلی کے مرکزی وزیر منوہر لال اور نیپال کے توانائی، آبی وسائل اور آبپاشی کے وزیر Kulman Ghising کی موجودگی میں منعقد کی گئی۔
دونوں معاہدوں میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل بجلی ترسیل کی راہداریوں کو تیار کرنے کیلئے مشترکہ ملکیت کے دو اداروں کو شامل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اِن میں ایک ادارہ بھارت میں اور دوسرا نیپال میں قائم کیا جائے گا۔
پروجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد اِس سے دونوں ملکوں کے درمیان بجلی کی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ، پاور گرڈ کو مضبوط بنانے اور پورے خطے میں پائیدار ترقی کو فروغ حاصل ہونے کی امید ہے۔