January 20, 2026 9:45 AM | MEA PM UAE

printer

  بھارت اور متحدہ عرب امارات نے سرحد پار کی دہشت گردی سمیت ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور سال 2032 تک باہمی تجارت دوگنا کرکے 200 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عہد کیا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان نے سرحد پار کی دہشت گردی سمیت ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ میٹنگ کے بارے میں نئی دلی میں نامہ نگاروں کو جانکاری دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اِس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ملک کو اُن عناصر کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہیں کرنی چاہیے جو دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے سرمایہ فراہم کرتے ہیں، منصوبہ بندی کرتے ہیں، مدد کرتے ہیں یا اِس طرح کی حرکت کو انجام دیتے ہیں۔

جناب مسری نے بتایا کہ دونوں لیڈروں نے دہشت گردی کیلئے سرمایہ فراہم کرنے کی روک تھام اور منی لانڈرنگ کے خلاف کوششوں کو مستحکم بنانے کی خاطر مالی امور سے متعلق ایکشن ٹاسک فورس کے دائرے کے اندر تعاون جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔

خارجہ سکریٹری نے مزید کہا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات نے بھارت میں سپر کمپیوٹنگ کلسٹر کے قیام سے بھی اتفاق کیا ہے۔ جناب وکرم مسری نے کہا کہ طرفین باہمی تجارت کو 2032 تک دوگنا کرکے 200 ارب ڈالر تک پہنچانے پر بھی رضامند ہوگئے ہیں۔

دونوں لیڈروں نے بھارت کی کایا پلٹ کیلئے ایٹمی توانائی کو پائیدار انداز سے بروئے کار لانے اور اس کے فروغ سے متعلق قانون SHANTI وضع کیے جانے کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اِس سے سول ایٹمی اشتراک میں اضافے کیلئے نئے مواقعے پیدا ہوں گے۔x