بھارت اور بھوٹان نے چار ہزار 33 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت والے ریل رابطوں کے 2 سرحد پار پروجیکٹ قائم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ اِن ریلوے پروجیکٹوں میں کوکرا جھار – گیلے فُو اور بَنار ہاٹ – Samtse شامل ہیں۔ نئی دلّی میں مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ پروجیکٹ، بھوٹان کے دو اہم شہروں گیلے فُو اور Samtse کو جوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ بھارتی ریلوے نیٹ ورک کے آسام میں کوکرا جھار اور مغربی بنگال میں بَنار ہاٹ سے شروع ہوں گے۔ جناب ویشنو نے مزید کہا کہ کوکرا جھار اور گیلے فُو ریل پروجیکٹ کی تخمینہ لاگت تین ہزار 456 کروڑ روپے ہوگی اور یہ 69 کلومیٹر طویل ہوگا۔
وہیں بَنار ہاٹ اور Samtse ریل پروجیکٹ کی تخمینہ لاگت 577 کروڑ روپے ہوگی اور یہ 20 کلومیٹر طویل ہوگا۔ ریلوے کے وزیر نے بتایا کہ اِن ریلوے پروجیکٹوں میں پوری سرمایہ کاری بھارت کرے گا۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، خارجہ سکریٹری وِکرم مِسری نے کہا کہ یہ بھارت اور بھوٹان کے درمیان ریل رابطوں کے پروجیکٹوں کا پہلا حصہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اِن رابطوں کیلئے مفاہمت ناموں پر گذشتہ سال، وزیرِ اعظم نریندر مودی کے بھوٹان دورے کے دوران دستخط کئے گئے تھے۔ جناب مِسری نے کہا کہ بھارت اور بھوٹان کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کا غیرمعمولی رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس رشتے کی جڑیں ثقافتی اور تہذیبی تعلقات، عوام سے عوام کے درمیان جامع رابطوں اور مشترکہ ترقیاتی اور سلامتی مفادات میں پیوست ہیں۔ جناب مسری نے مزید کہا کہ بھارت، بھوٹان کا سرفہرست تجارتی ساجھیدار ہے۔
Site Admin | September 29, 2025 9:48 PM
بھارت اور بھوٹان سرحد کے دونوں طرف دو ریل رابطے قائم کریں گے تاکہ بھوٹان کے دو اہم شہروں کو آسام اور مغربی بنگال سے مربوط کیا جاسکے