بھارت اور بنگلہ دیش نے سرحد پار جرائم کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت چوکسی اور مربوط گشت میں اضافہ اور بروقت خفیہ معلومات کا تبادلہ شامل ہے۔ اِس عزم کا اظہار ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا ہے، جو ڈھاکہ کے Pilkhana میں واقع بنگلہ دیش کے سرحدی حفاظتی دستے کے صدر دفتر میں منعقدہ چار روزہ ڈائریکٹر جنرل سطح کی سرحدی کانفرنس کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ بھارتی وفد کی قیادت سرحدی حفاظتی دستے BSF کے ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چودھری نے کی، جبکہ بنگلہ دیشی وفد کی قیادت بنگلہ دیش سرحدی حفاظتی دستے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد اشرف الزمان صدیقی نے کی۔ دونوں فورسز نے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، نیز غیر قانونی در اندازی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مربوط سرحدی بندوبست پلان کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد کو تعلیم فراہم کرنے، پسماندہ علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی نافذ کرنے اور بین الاقوامی سرحد کے قریب زیر التواء بنیادی ڈھانچے کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ دہشت گردی اور شورش پسندی کی سرگرمیوں کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے سرحد پر باڑ لگانے کے اقدامات اور دریا کے کناروں کے تحفظ سمیت دیگر معاملات پر باہمی تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ سرحدی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔
Site Admin | August 28, 2025 9:56 PM
بھارت اور بنگلہ دیش نے منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی در اندازی سمیت سرحد پار جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے