وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نےہر طرح کی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے بھارت اور افغانستان کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ نئی دلّی میں افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کے ساتھ میٹنگ کے دوران اپنے افتتاحی خطبے میں ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے پاس ترقی اور خوشحالی کے تئیں ایک مشترکہ عہد ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھارت کو گہری دلچسپی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکار، افغانستان کے اقتدارِ اعلیٰ، علاقائی سالمیت اور آزادی کے تئیں پوری طرح عہد بند ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون، افغانستان کی قومی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی استحکام کیلئے اہم ہے۔ وزیرخارجہ نے کابل میں بھارت کے ٹیکنیکل مشن کو ترقی دے کر بھارتی سفارتخانے کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ بھارت 6 نئے پروجیکٹوں اور خیرسگالی کے جذبے کے تحت 20 ایمبولنس ہدیہ کرنے کیلئے تیار ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت، افغانستان کے اسپتالوں کو MRI اور CT اسکین مشینیں اور ویکسین بھی فراہم کرے گا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کہا کہ اُن کا ملک کسی بھی طاقت کو دھمکانے یا دوسرے ملکوں کے خلاف افغانستان کی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان نے کبھی بھی بھارت کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا ہے اور ہمیشہ ہی اپنے اچھے تعلقات کو قدر وقیمت کی نظر سے دیکھا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان باہمی احترام، تجارت اور عوام سے عوام کے رابطے پر مبنی تعلقات کا خواہشمند ہے۔