بھارتی محکمۂ موسمیات IMD نے، اترپردیش میں اگلے تین سے چار روز کے دوران، گہرے سے بہت گہرے کہرے کی پیش گوئی کرتے ہوئے، ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دلّی، ہماچل پردیش اور پنجاب میں بھی اسی طرح کے حالات رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ ملک کے مختلف علاقے گہرے کہرے کی زد میں ہیں، جس سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات IMDکے مطابق آئندہ تین سے چار دن کے دوران ملک کے شمال مشرقی علاقوں، اڈیشہ، مغربی بنگال کے ذیلی ہمالیائی خطے، سکّم اور اتراکھنڈ کے کچھ حصوں میں گہرا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ موسمیات کے محکمے نے کل جھارکھنڈ، اترپردیش، بہار اور اتراکھنڈ میں شدید سے بہت شدید سردی کے حالات رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔IMD کے مطابق انڈمان و نکوبار جزائر میں اس مہینے کی 30 تاریخ تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کا امکان ہے۔ اسی طرح اگلے چار سے پانچ دن کے دوران، ملک کے شمال مغربی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں کم سے کم درجۂ حرارت میں کوئی نمایاں تبدیلی آنے کا امکان نہیں ہے۔
اسی دوران، قومی راجدھانی خطہ دلّی میں ہوا کا معیار خراب زمرے میں درج کیا گیا ہے۔ آلودگی کنٹرول کے مرکزی بورڈ کے مطابق آج شام 7 بجے قومی راجدھانی میں ہوا کی کوالٹی کا اشاریہ اے کیو آئی 238 ریکارڈ کیا گیا۔
Site Admin | December 26, 2025 9:39 PM
بھارتی محکمۂ موسمیات نے، اگلے تین روز کے دوران اترپردیش، بہار، دلّی، ہریانہ اور پنجاب کے علاقوں کیلئے گہرے کہرے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے