November 24, 2025 9:39 PM

printer

بھارتی سنیما کے He man دھرمیندر کا انتقال ہوگیا ہے

ہندوستانی سینما کے انتہائی پسند کئے جانے والے شہرۂ آفاق سرکردہ اداکار دھرمیندر کا آج صبح نواسی سال کی عمر میں ممبئی میں اُن کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ معروف اداکار اور سابق ممبر پارلیمنٹ، صحت سے متعلق بعض پیچیدگیوں سے نبردآزما تھے اور اُنھیں اِس ماہ کے آغاز میں بریچ کینڈی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا تھا۔ انھوں نے اپنے پیچھے ایک ایسی وراثت چھوڑی ہے جو چھ سے زیادہ ناقابل فراموش دہائیوں پر مشتمل ہے۔ اِس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے انسٹاگرام پر جاری ایک جذباتی پوسٹ میں ہدایتکار فلمساز کرن جوہر نے دھرمیندر کے انتقال کو ایک عہد کا خاتمہ قرار دیا ہے۔ محبت سے لوگ اُنھیں بالی ووڈ کا He Man اور دَھرم پا جی کہتے تھے۔ دھرمیندر ایک ایسی طاقت تھے جنھوں نے کئی نسلوں کیلئے ہیرواِزم کے معنی ہی بدل دیئے۔
دھرمیندر نے 1960 میں اپنی پہلی فلم کی اور جلد ہی اپنے متنوع جوہر کے سبب ایک سُپر اسٹار بن گئے۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں 300 سے زیادہ فلمیں کیں، جن میں سے کئی فلموں کو آج کلاسیکی فلمیں مانا جاتا ہے۔
اداکار دھرمیندر کا چھ دہائی پر مبنی فلمی سفر 25سال کی عمر میں اُس وقت شروع ہوا، جب انہوں نے ہدایت کار ارجن ہِنگورانی کی فلم ’’ دِل بھی تیرا، ہم بھی تیرے‘‘ میں بطور اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تاہم کمرشیل طور پر، اُن کی پہلی کامیاب فلم ’’ شعلہ اور شبنم ‘‘ تھی، جس کے بعد انہوں نے کامیابی کے کئی سنگِ میل حاصل کئے۔ 
شولے کے وِیرو سے لے کر چپکے چپکے میں پریمل تھرپاٹھی کے رول تک دھرمیندر نے سیتا اور گیتا، جگنو ، ڈریم گرل، آزاد، یادوں کی بارات اور ستیہ کام جیسی فلموں میں یادگار رول کئے۔ 
دھرم وِیر اور پھول اور پتھر جیسی فلموں سے ایکشن کنگ اور He-Man جیسے ناموں سے پکارے جانے کے بعد اداکار دھرمیندر کو سب سے خوبصورت شخص بھی کہا جانے لگا۔
آکاشوانی، اِس معروف اداکار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ 
مشہور اداکار دھرمیندر کی آخری رسومات آج شام ممبئی کے پون ہنس Crematorium میں ادا کی گئیں۔ اس موقع پر اُن کے خاندان کے قریبی افراد، اُن کی اہلیہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا اور بیٹے سنی اور بوبی دیول موجود تھے۔ دیگر اہم شخصیات جو اُن کی آخری رسوم میں شریک ہوئیں، اُن میں امیتابھ بچن، سلیم خان، سلمان خان، سنجے دت، اکشے کمار، انل کپور، سدھارتھ رائے کپور، شبانہ اعظمی، دیپیکا پادوکون، رنویر سنگھ اور عامر خان شامل ہیں۔
پنجاب کا پھگواڑہ شہر سرکردہ اداکار دھرمیندر کے انتقال پر سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ دھرمیندر کے والد ماسٹر کیول کرشن چودھری پھگواڑہ کے Arya ہائی اسکول میں استاد تھے۔ دھرمیندر نے اِسی اسکول سے 1950 میں اپنا دسویں کا امتحان پاس کیا۔ انہیں اُس عمر سے ہی ایک نرم مزاج اور مخلص شخص کے طور پر جانا جاتا تھا۔ 12ویں کی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد دھرمیندر، سینما کے اپنے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے 1952 میں بامبے چلے گے اور مختلف چیلنجوں کے باوجود کامیابی حاصل کی۔ پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے لے کر بھارتی سینما کی ایک ممتاز شخصیت بننے تک کا اُن کا سفر اداکاری کیلئے اُن کے بے انتہا لگاؤ اور محنت کی عکاسی کرتا ہے۔
اداکار دھرمیندر کے اسکول کے ایک ساتھی سینئر ایڈوکیٹ شیوراج نارائن چوپڑا، انہیں بے انتہا محبت کرنے والے ایک شخص کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ 
اداکار دھرمیندر کو، اُن کی غیرمعمولی شخصیت اور بہترین اداکاری کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔