آزمودہ اداکار اور فلم ڈائریکٹر منوج کمار کا آج صبح ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 87 برس کے تھے۔ انہیں، اُن کی وطن پرستی کے جذبے سے سرشار فلموں کی وجہ سے ”بھارت کمار“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہیں کئی دہائیوں تک بھارتی سنیما کیلئے، اُن کے زبردست تعاون کی وجہ سے پدم شری اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے منوج کمار کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہاکہ اپنی طویل اور ممتاز پیشہ ورانہ زندگی میں وہ اپنی وطن پرستانہ فلموں کی وجہ سے جانے جاتے تھے، جن کی وجہ سے بھارت کے تعاون اور اقدار پر فخر کے احساس میں اضافہ ہوا۔
صدر جمہوریہ نے کہاکہ اُن کی فلموں سے اب بھی وطن کے تئیں فخر کو بڑھاوا ملتا ہے اور نسلوں کو تحریک حاصل ہوتی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ اور ممتاز اداکار منوج کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اداکار کی وراثت، آئندہ نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ ممتاز اداکار اور فلم ساز کے کام سے وطن کے تئیں فخر میں اضافہ ہوا ہے اور اِس سے نسلوں کو تحریک حاصل ہوتی رہے گی۔ x