بھارتی خلا باز شبھانشو شُکلا اور Axiom-4 اور دیگر تین عملے کے اراکین، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا اٹھارہ روزہ تاریخی مشن مکمل کرنے کے بعد زمین پر بحفاظت لوٹ آئے ہیں۔ ان خلاء بازوں کا اسپیس X ڈریگن اسپیس کرافٹ، آج دوپہر کیلی فورنیا کے سین ڈیاگو میں بحرالکاہل میں اُترا۔ Axiom-4 مشن پر سوار بھارتی خلاء باز سبھانشو شکلا اور دیگر تین عملے کے اراکین اب زمین کی کشش ثقل سے مطابقت پیدا کرنے کیلئے سات دن کے Rehabilitation پروگرام سے گزریں گے۔ Axiom-4 مشن کو گزشتہ مہینے کی 25 تاریخ کو فلوریڈا سے Falcon-9 راکٹ کے ذریعہ لانچ کیا گیا تھا اور اس نے ڈریگن کیپسول کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچایا تھا۔ اس مشن کو جسے آکاش گنگا کا نام بھی دیا گیا تھا، امریکہ کی خلائی ایجنسی NASA، Axiom اسپیس اور بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے اِسرو کی مشترکہ کوشش تھی۔ گروپ کیپٹن شکلا، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن، ISS کا سفر کرنے والے پہلے بھارتی بن گئے ہیں۔ ساتھ ہی وہ سال 1984 میں ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد خلاء کا سفر کرنے والے دوسرے بھارتی خلاء باز بن گئے ہیں۔
اپنے قیام کے دوران شکلا نے بھارت پر مرکوز مائکرو گریوٹی کے سات تجربات انجام دیئے۔ جن سے مستقبل کے خلائی مشنز اور طویل مدتی خلائی مقام میں مدد ملے گی۔
صدر جمہوریہ دروپتی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی بھی خلاء سے زمین پر بحفاظت لوٹنے پر گروپ کیپٹن شُکلا کا خیر مقدم کرنے میں قوم کے ساتھ شامل ہوئے۔اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک Axiom-4 مشن کے پائلٹ کے طور پر گروپ کیپٹن شکلا کے رول نے بھارت کی خلائی تحقیق اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی اشتراک کیلئے نیا سنگ میل قائم کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی خلاء باز کے طور پر گروپ کیپٹن شکلا نے اپنے عزم، حوصلے اور جذبے کے ذریعہ اربوں خوابوں کو تحریک دی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ ملک کے انسان بردار خلائی مشن، گگن یان کیلئے بھی ایک سنگ میل ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسے بھارت کیلئے قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
گروپ کیپٹن شبھانشو شُکلا کے کنبے کے افراد اترپردیش کے لکھنؤ میں اُن کے سابقہ اسکول میں جمع ہوئے جہاں انھوں نے زمین پر اُن کی واپسی کے سفر کا براہِ راست نشریہ دیکھا اور جوش وخروش اور جذبات کے ساتھ اس تاریخی سفر کا جشن منایا۔
شبھانشو شُکلا کی خلا سے زمین پر واپسی کے موقع پر لکھنؤ میں اُن کے گھر کو پوسٹر اور روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔ اُن کے اسکول میں ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں شبھانشو کے کنبے کے افراد اُن کے اساتذہ اور طلبا کے ساتھ موجود تھے۔ اپنے بیٹے کی زمین پر بحفاظت واپسی دیکھ کر اُن کے والدین جذباتی ہوگئے۔ اپنے بیٹے کی کامیابی پر شبھانشو کی والدہ آشا شُکلا نے کہا کہ وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتیں۔
شبھانشو شُکلا کے والد شمبھو دَیال شُکلا نے کہا کہ یہ ایک جذباتی لمحہ ہے۔ ہم اُن سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمارے بیٹے کیلئے دعائیں کیں۔
گروپ کیپٹن شکلا کی بہن Shuchi Mishra نے کہا کہ یہ پورے ملک کیلئے انتہائی فخر کا لمحہ ہے۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے Axiom-4 مشن کی کامیابی پر گروپ کیپٹن شبھانشو شُکلا اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔