بھارتی خلاباز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا اور عملے کے تین افراد پر مشتمل Axiom – 4 مشن آج سے واپسی کا اپنا سفر شروع کرے گا۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں سائنس اور ٹکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ بھارتی وقت کے مطابق آج سہ پہر ساڑھے چار بجے Undocking کا عمل متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ Axiom – 4 کا عملہ، بھارتی وقت کے مطابق کل سہ پہر تین بجے زمین پر واپس آسکتا ہے۔
لینڈنگ کے بعد گروپ کیپٹن شکلا اور عملے کے دیگر اراکین، زمین کی کششِ ثقل سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے فلائٹ سرجنوں کی نگرانی میں 7 دن کے Rehabilitation پروگرام سے گزریں گے۔
گروپ کیپٹن شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے 14 دن کے مشن پر ہیں۔ وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے بھارت کے پہلے اور خلا میں جانے والے دوسرے خلاباز ہیں۔ اس سے پہلے سال 1984 میں وِنگ کمانڈر راکیش شرما خلا میں گئے تھے۔ اپنے سفر کے دوران گروپ کیپٹن شکلا نے بھارت پر مرکوز 7 تجربے کیے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن چھوڑنے سے پہلے اپنی الوداعی تقریر میں گروپ کیپٹن شکلا نے اپنے خلائی سفر کو بہترین قرار دیا۔
Axiom – 4 مشن شکلا کو لے کر 26 جون کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوا تھا۔ مشن میں شکلا کے علاوہ امریکہ، پولینڈ اور ہنگری کے خلاباز بھی شامل ہیں۔ یہ مشن فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے SpaceX Falcon 9 کے ذریعے روانہ ہوا تھا۔
اس دوران اترپردیش کے لکھنؤ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کی والد شمبھو دیال نے کہا کہ وہ شکلا کی بحفاظت واپسی کے لیے خدا سے دعا کر رہے ہیں۔