بھارتی خلاء باز شبھانشو شکلا کو لے جارہا، Axiom-4 Mission، آج دوپہر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوجائے گا۔ خلائی تحقیق کے بھارتی ادارے اِسرو کے مطابق یہ Docking بھارتی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے چار بجے ہوگی۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جڑنے کے بعد گروپ کیپٹن شکلا ناسا کی Orbiting لیباریٹری میں جانے والے پہلے بھارتی بن جائیں گے۔ Axiom-4 نے چار خلاء بازوں کے ساتھ فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے گزشتہ روز بھارتی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر ایک منٹ پر پرواز کی تھی۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک Axiom-4 کو لے جانے والے گروپ کیپٹن شکلا، خلاء کا سفر کرنے والے دوسرے بھارتی بن گئے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے افسر شکلا سے پہلے 41 سال قبل سال 1984 میں راکیش شرما نے خلاء کا سفر کرکے پہلا بھارتی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ روس کے Soyuz پر سوار تھے۔
کَل اڑان بھرنے کے کچھ ہی منٹ بعد گروپ کیپٹن شکلا نے اپنے ہم وطنوں کو پیغام بھیجا۔ انھوں نے کہا کہ ہم 41 سال بعد خلاء میں واپس آئے ہیں اور یہ ایک شاندار سفر رہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکزیم-4 کے کامیاب لانچ کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ گروپ کیپٹن شکلا 140 کروڑ بھارتیوں کی خواہشوں، امیدوں اور تمناؤں کو لے جارہے ہیں۔ شکلا کے آبائی شہر لکھنؤ میں اُن کے والدین نے سینکڑوں طلبہ کے ساتھ اڑان کا نظارہ کیا۔ 10 اکتوبر 1985 کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے گروپ کیپٹن شکلا نے سال2006 میں لڑاکا پائلٹ کے طور پر بھارتی فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ مِگ، سُخوئی، ڈارنیئر اور ہاک جیسے جنگی طیارے اڑا چکے ہیں اور 2 ہزار گھنٹے سے زیادہ کا اڑان کا تجربہ رکھتے ہیں۔ مشن کے پائلٹ کے علاوہ بھارتی خلاء باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں اگلے دو ہفتے کے دوران کافی مصروف رہیں گے۔ زیادہ تر وقت کے دوران 4 رکنی عملہ 60 سائنسی تجربے کرے گا، جن میں سے 7 تجربے بھارت کے ہوں گے۔ اِسرو کے تجربے خلاء سے متعلق معلومات میں اضافہ کرنے میں مدد کریں گے اور حیاتیات اور مائیکرو گریویٹی کے اثرات کو سمجھنے میں تعاون کریں گے۔ ان میں سے ایک اہم تجربہ، فصل کے بیجوں کی 6 اقسام پر خلائی پرواز کے اثر کا پتہ لگانا بھی شامل ہے۔