ایئر انڈیا اور انڈیگو نے اعلان کیا ہے کہ وہ دلّی-کاٹھمنڈو اور کاٹھمنڈو سے دلّی کے لیے، خصوصی پروازیں چلا رہی ہیں، تاکہ نیپال میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کی وجہ سے وہاں پھنسے مسافروں کی مدد کی جاسکے۔ ایئر انڈیا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معمول کی پروازیں آج سے شروع ہو رہی ہیں۔ ایئر لائن نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ اُس کی ویب سائٹ پر Status چیک کریں۔ اُس نے مسافروں کے مفاد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے، تیزی کے ساتھ کوآرڈی نیشن کے لیے، حکومت اور دیگر ایجنسیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انڈیگو نے کہا کہ وہ آج سے کاٹھمنڈو کے لیے اور وہاں سے یومیہ 4 پروازیں شروع کر رہی ہے۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ 2 خصوصی راحتی پروازیں بھی چلائی جارہی ہیں، جو کہ مسافروں کو بحفاظت واپس لانے کے لیے مخصوص ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سفر کو آسان بنانے کے لیے یہ راحتی پروازیں خصوصی کرائے پر دستیاب ہوں گی۔ اِس دوران شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر Kinjarapu رام موہن نائڈو نے کہا کہ ایئر لائنز کو مناسب کرایہ رکھنے کی صلاح دی گئی ہے۔×