بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن IOA نے تیسرے ایشین یوتھ گیمز میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں اور کوچز کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقابلے گذشتہ مہینے بحرین کے مناما میں منعقد ہوئے تھے، جہاں بھارت نے مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 48 تمغے جیتے تھے۔ اعلان کے تحت سونے کا تمغہ جیتنے والے ہر کھلاڑی کو 5 لاکھ روپے، چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہر کھلاڑی کو 3 لاکھ روپے اور کانسے کا تمغہ جیتنے والے ہر کھلاڑی کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ، چوتھے مقام پر رہنے والے ہر کھلاڑی کو بھی 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ وہیں تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کے کوچز کو فی کس ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ 
اِس کے علاوہ، لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کی کبڈی ٹیموں کو، اُن کی غیرمعمولی کارکردگی کے اعتراف کے طور پر 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ بھارت نے 2025 ایشین یوتھ گیمز میں اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، سونے کے 13، چاندی کے 18 اور کانسے کے 17 تمغے جیتے ہیں۔ یہ سال 2009 اور 2013 میں بھارت کی جانب سے جیتے گئے تمغوں کی تعداد سے زیادہ ہیں۔ 
Site Admin | November 3, 2025 9:41 PM
بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن نے بحرین میں حالیہ ایشین یوتھ گیمز میں غیرمعمولی کارکردگی کیلئے کھلاڑیوں اور کوچ کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے