بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو لاقانونیت، عدم سلامتی اور اقلیتوں پر ظلم و زیادتیوں کا سامنا ہے اور ہجومی تشدد، نیز انتہا پسندی، ملک گیر سطح پر پھیل رہی ہے۔
کَل شام نئی دلّی میں ایک آڈیو پیغام میں، نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے محترمہ حسینہ نے کہا کہ بنگلہ دیش فی الحال افراتفری کے درپے ہے اور وہ تاریخ کے سب سے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے آزاد اور شفاف انتخابات کیلئے جمہوریت کی بحالی، تشدد اور لاقانونیت کے خاتمے، شہری خدمات کی ٹھیک ڈھنگ سے فراہمی، مذہبی اقلیتی گروپوں خواتین، بچیوں اور سماج کے سب سے زیادہ حساس طبقوں کی حفاظت کی یقین دہانی سمیت مختلف کارروائیوں کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی کوششوں سے دست بردار نہ ہوں۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے عوام سے حمایت کرنے کو کہا۔ ×