برکس ممالک کے وزرائے خارجہ نے جموں وکشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کَل نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر برکس کے وزرائے خارجہ نے اپنی سالانہ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کی صدارت بھارت نے کی کیونکہ 2026 میں وہ برکس کی صدارت کی ذمے داری سنبھالے گا۔ میڈیا کیلئے ایک مشترکہ بیان میں وزرا نے کسی بھی طرح کی دہشت گردی کو مجرمانہ حرکت اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی۔ انھوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کو کسی بھی مذہب، قومیت، تہذیب یا نسلی گروپ سے وابستہ نہیں کرنا چاہئے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث یا اُن کی اعانت کرنے والوں کو جوابدہ بنایا جانا چاہئے اور متعلقہ قومی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اُنھیں قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔انھوں نے دہشت گردی کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا اور دہشت گردی سے نمٹنے میں دوہرا معیار اپنانے کو مسترد کیا۔
Site Admin | September 27, 2025 9:46 PM
برکس کے وزرائے خارجہ نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے