باونواں عالمی کتاب میلہ آج شام اختتام پذیر ہوا۔ اِس 9 روزہ میلے کا اہتمام نیشنل بُک ٹرسٹ نے کیا تھا، جس میں 35 سے زیادہ ملکوں کے ایک ہزار سے زیادہ ناشرین نے شرکت کی۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اِس میلے میں یکجا کی گئی کہانیوں، خیالات اور ثقافتوں کی طرف، پُرتجسس بچوں سے لے کر پُرجوش نوجوانوں تک اور تجربے کار سینئر شہریوں تک ہر عمر کے قارئین راغب ہوئے۔
اِس سال کا عالمی کتاب میلہ محض کتابوں کا جشن نہیں تھا، بلکہ معلومات، خیالات اور ثقافت سے ایک دوسرے کو واقف کرانے کا ایک متحرک پلیٹ فارم تھا۔ میلے میں ادب، سرحدوں کے پار جاکر براہِ راست قارئین سے رابطے میں آگیا۔ میلے میں کتابوں کا اجرا کیا گیا، ادبی مباحثے کئے گئے، شاعری سنائی گئی، تعلیمی تبادلۂ خیال کیا گیا اور دورِ حاضر کے معاملات پر مرکوز بہت سے پروگرام پیش کئے گئے۔ اِس سال کے کتاب میلے کی بڑی خاصیتوں میں سے ایک یہ تھی کہ اِس میں بھارتی فوج کی تاریخی-شجاعت اور دانشمندی @75 کے موضوع پر ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں 500 سے زیادہ کتابیں رکھی گئیں جو مسلح فوجوں کے تعاون کے بارے میں تھیں۔ یہ کتابیں ملک کی قابل فخر فوجی روایات اور قربانیوں کے بارے تھیں۔