فرانس، جرمنی اور برطانیہ پر مشتمل E-3 ملکوں نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر وہ بات چیت کے راستے پر نہیں آتا تو اُس پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گُتریس اور سلامتی کونسل کو لکھے خط میں E-3 وزراء خارجہ نے ایران پر بین الاقوامی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے انتباہ کو دوہرایا ہے۔ انہوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر ایران، بات چیت کی بحالی یا مدتِ کار میں توسیع کا مطالبہ نہیں کرتا تو اُس پر سال 2015 کے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تحت پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ اِس خط پر فرانس کے وزیر خارجہ Jean-Noel Barrot، جرمنی کے وزیر خارجہ Johann Wadephul اور برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے دستخط ہیں۔
یہ خط اسرائیل اور ایران کے درمیان ہوئی بارہ روزہ جنگ کے دو مہینے بعد لکھا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے اِس پر ردّ عمل ظاہر کرنے کی درخواست پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اِن دھمکیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ E-3 ممالک، اِن پابندیوں کو دوبارہ نافذ کرنے کے نہ تو مجاز ہیں اور نہ ہی وہ اِس کی اہلیت رکھتے ہیں۔ x