ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آج تیسرا دن ہے۔ دونوں ملکوں نے آج بھی میزائل اور فضائی حملے کئے، جس سے اسرائیل میں کم سے کم 13 افراد اور ایران میں 80 افراد ہلاک ہوگئے۔ لڑائی ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں، جبکہ عالمی رہنمائوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ جنگ وسیع علاقائی جنگ کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔ ایران نے آج اسرائیل کے شہروں پر دو بار الگ الگ میزائل سے حملے کئے اور سویلین آبادی والے علاقے کو نشانہ بنایا۔ اُدھر ایران نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جب سے اسرائیلی حملے شروع ہوئے ہیں تب سے ایران میں کم سے کم 80 افراد ہلاک اور 320 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
ایران نے آج اعلان کیا ہے کہ اگر اسرائیل اُس کے خلاف فوجی کارروائی بند کردے تو وہ اسرائیل پر اپنے حملے بند کردے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس Araqchi نے کہا ہے کہ ایران لڑائی کو ہمسایہ ملکوں تک نہیں لے جانا چاہتا بشرطیکہ اُسے مجبور نہ کیا جائے۔
اس دوران، اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ایران کو نیوکلیائی ہتھیار بنانے سے روکا اور اُس کی میزائل کی صلاحیتوں کو ختم کیا جاسکے۔
اُدھر امریکہ کے صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی اثاثوں پر حملے نہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ اگر وہ ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکی مسلح افواج کی پوری طاقت اور قوت کے ساتھ ایران پر ایسا وار کیا جائے گا جس کی پہلے کوئی نظیر نہیں ملتی۔
Site Admin | June 15, 2025 9:48 PM
ایران نے اسرائیلی فوجی کارروائی روکنے کیلئے بدلے میں جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اثاثوں پر حملے کے خلاف ایران کو خبردار کیا ہے
