ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

June 14, 2025 9:53 PM

printer

ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر میزائل حملے کئے ہیں۔ تل ابیب، یروشلم اور تہران میں دھماکوں کی آواز سنی گئی

اسرائیل اور ایران نے ایک دوسرے پر میزائل حملے کئے ہیں۔ تل ابیب، یروشلم اور تہران میں دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ اسرائیل میں ایران کے میزائل حملوں میں کم از کم تین افراد کی موت ہوگئی جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ ایران نے اسرائیل کے حملوں کے تناظر میں یہ جوابی حملے کئے۔
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ رات میں ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کے سات سپاہی زخمی ہوگئے۔دوسری طرف ایران کے سرکاری میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی فوج کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے اسرائیل کے F-35 طرز کے دو لڑاکا جیٹ طیاروں کو مار گرایا گیا جو ایران کی فضائی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔ البتہ اسرائیل نے اس دعوے کو غلط قرار دیا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے دو ڈپٹی کمانڈر مارے گئے ہیں۔ ان میں جنرل غلام رضا محرابی اور جنرل مہدی ربّانی شامل ہیں۔ البتہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ دونوں کمانڈر کب مارے گئے۔
اسرائیل کے حملوں میں ایران کے تین اور ایٹمی سائنسدانوں کے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ اس سے قبل ایران نے کَل بھی اسرائیل کے حملوں میں چھ دیگر ایٹمی سائنسدانوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی تھی۔
ایران پر اسرائیل کے حملوں میں کَل سے اب تک کم از کم78 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ان میں اعلیٰ فوجی عہدیدار بھی شامل ہیں۔
اُدھر اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ اُس نے رات میں ایران میں 150ٹھکانوں پر حملہ کرنے کیلئے سیکڑوں Munitions کا استعمال کیا اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں سے ایران کے ایٹمی پروگرام کو دھچکا لگا ہے۔
ایران ایٹمی معاملے پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے بھی علیحدہ ہوگیا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل کے اب تک کے سب سے بڑے فوجی حملے کے بعد ایٹمی پروگرام پر امریکہ کے ساتھ بات چیت کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ اس سے قبل ایران نے اسرائیل کے حملوں میں امریکہ کی ملی بھگت کا الزام لگایا تھا لیکن امریکہ نے اِس الزام کو غلط بتایا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں