December 2, 2025 10:09 AM | Atal Pension Yojana

printer

اٹل پنشن یوجنا کے تحت اندراج کرنے والے افراد کی تعداد 8 کروڑ 34 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ کُل اندراج میں خواتین کا حصہ 48 فیصد ہے۔

اٹل پنشن یوجنا APY میں اندراج کرنے والے افراد کی تعداد 8 کروڑ 34 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ بات کَل لوک سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ APY کے مجموعی اندراج میں خواتین کا حصہ 48 فیصد ہے، جو ملک بھر میں خواتین کی نمایاں شمولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

مئی 2015 میں شروع کی گئی اٹل پنشن یوجنا کا مقصد شہریوں، خصوصاً غیر منظم سیکٹر کے ورکروں کیلئے ایک جامع سماجی تحفظ کا نظام قائم کرنا ہے۔ یہ اسکیم اُن افراد کیلئے دستیاب ہے جن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہے اور جن کے پاس بچت بینک کھاتہ یا پوسٹ آفس میں اکاؤنٹ موجود ہے۔

اسکیم کے تحت اندراج کرنے والے افراد کو 60 سال کی عمر کے بعد پنشن فراہم کی جائے گی اور توقع ہے کہ 2035 سے پنشن کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

وزیر خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت اور پنشن فنڈ سے متعلق انضباطی اور ترقیاتی اتھارٹی PFRDA کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات نے اِس اسکیم کے بارے میں بیداری اور اِس کے اپنانے کی رفتار کو بڑھایا ہے۔ اِن اقدامات میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر باقاعدہ تشہیر، 13 علاقائی زبانوں میں اسکیم کے بروشرز کی دستیابی اور بینکنگ نمائندوں، اپنی مدد آپ گروپوں اور دیگر فیلڈ عملے کیلئے ورچوئل وسیلے سے تربیت کے پروگرام شامل ہیں۔×