بھارت کی خلائی ایجنسی اِسرو نے آج شام سری ہری کوٹہ سے بھارت کے سب سے وزنی مواصلاتی سیارچے CMS-03 (جی سیٹ 7R) کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا۔
یہ جدید ترین مواصلاتی سیارچہ، LVM3-M5 راکٹ کے ذریعے، بھارتی بحریہ کی خدمات کیلئے بھیجا گیا ہے۔ اِس سیارچے کو آندھراپردیش کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا ہے۔
اس حصولیابی میں اِسرو نے اِس سیارچے کو، زمین کے ساتھ گردش کرنے والے مدار میں بھیجا ہے۔ CMS-03 سے بھارتی بحریہ کی، خلا پر مبنی مواصلات اور سمندر کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت آزادانہ چارج ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے، اِس تازہ ترین حصولیابی پر اِسرو کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اِسرو کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
ڈاکٹر سنگھ یہ بھی کہا کہ بھارت کا یہ باہوبلی، LVM3-M5 مشن کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے جانے سے، اب آسمانوں کی منزلیں طے کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اِسرو، ایک کے بعد ایک کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ انھوں نے حکومت کی طرف سے اِس لگاتار مدد پر، وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ CMS-03، بھارت کا اب تک کا سب سے وزنی مواصلاتی سیارچہ ہے جس کا وزن تقریباً چار ہزار 400 کلو گرام ہے۔ یہ زمین کے ساتھ گردش کرنے والا سیارچہ ہے جو GTO کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ یہ سیارچہ بھارت میں اور آس پاس کے بحری خطوں میں، کئی فریکوئینسی خدمات فراہم کرے گا۔ اس کے سبب شہری اور دفاعی استعمال کیلئے، ڈیٹا، آوازوں اور ویڈیو رابطوں کو محفوظ کرنے میں اور زیادہ مدد ملے گی۔
اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے ٹیم کو سراہا اور کہا کہ اِس سیارچے کو خلا میں بھیجنے سے، وزنی سیارچوں کی تعمیر اور اُنھیں خلا میں بھیجے جانے کے میدان میں بھارت کی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے، ایکس پر اِسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
انھوں نے اِسے ایک ایسی کامیابی قرار دیا ہے، جو بھارت کے خلائی شعبے میں، مہارت اور اختراع کا ثبوت ہے۔ اِس مشن سے بھارت کے مواصلاتی نیٹ ورک کو تقویت ملی ہے اور یہ ملک کے خلائی سفر میں ایک اور فخریہ سنگ میل ہے۔