بھارت کے انتخابی کمیشن نے آج سے ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 3 علاقوں میں تقریباً 51 کروڑ رائے دہندگان کا احاطہ کیا جائے گا۔ انتخابی فہرستوں کی بڑے پیمانے پر نظرثانی کا عمل 7 فروری 2026 کو حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
اِس سے پہلے بہار میں تفصیلی نظر ثانی مہم SIR کے تحت 30 ستمبر کو تقریباً سات کروڑ 42 لاکھ ناموں پر مشتمل حتمی انتخابی فہرست شائع کی گئی تھی۔
SIR کے اِس مرحلے میں انڈمان و نکوبار جزائر، لکشدیپ، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، پدوچیری، راجستھان، تمل ناڈو، اترپردیش اور مغربی بنگال کو شامل کیا گیا ہے۔
تمل ناڈو، پدوچیری، کیرالہ اور مغربی بنگال میں 2026 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ آسام میں بھی اگلے سال انتخابات ہونے والے ہیں لیکن سپریم کورٹ کی نگرانی والے شہریت قانون کی نکات کے تحت شہریت کی جاری تصدیق کی وجہ سے وہاں اِس مرحلے میں SIR نہیں ہورہا ہے۔
آج سے شروع ہونے والا SIR، چار دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ 9 دسمبر کو انتخابی فہرست کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے بعد 7 فروری 2026 کو حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔
چناؤ کمیشن کے مطابق تفصیلی نظرثانی مہم SIR کا مقصد، اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی شہری کا نام انتخابی فہرست میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے، جبکہ غیر قانونی تارکین وطن کے نام ہٹا دیئے جائیں۔
اس عمل کے تحت رائے دہندگان کی جائے پیدائش کی تصدیق کی جائے گی تاکہ غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کی شناخت کی جاسکے۔ حال ہی میں بنگلہ دیش اور میانما کے غیر قانونی مائیگرینٹس کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔x