انتخابی کمیشن نے ووٹر فہرستوں کی تیاری اور نظرِ ثانی کے عمل میں شامل بوتھ لیول آفیسرز BLOs اور BLO سپروائزرس کی اجرت کو دوگنا کر دیا ہے۔ ایک بیان میں، چناؤ کمیشن نے بتایا کہ نظرِ ثانی شدہ اجرت کے مطابق BLOs کی سالانہ اجرت چھ ہزار روپے سے بڑھا کر بارہ ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ، ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے عمل میں شامل بوتھ لیول آفیسرز کو دی جانے والی رقم ایک ہزار روپے سے بڑھا کر دو ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
انتخابی عمل کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرنے والے بی ایل او سپروائزرس کو اب سالانہ 12 ہزار روپے کی جگہ 18 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انتخابی کمیشن نے پہلی مرتبہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز EROs اور معاون الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرزAEROs کے لیے بھی اعزازیہ فراہم کیا ہے۔
الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز کو 30 ہزار روپے جبکہ معاون الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز کو 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
چناؤ کمیشن نے بہار سے شروع ہونے والی ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرِ ثانی مہم کے لیے بوتھ لیول آفیسرز کو چھ ہزار روپے کی خصوصی ترغیبی رقم کی بھی منظوری دی ہے۔x