انتخابی کمیشن نے آج کہا ہے کہ جب سے خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا ہے، ابھی تک، ووٹروں کو پچاس کروڑ 94 لاکھ سے زیادہ شماریاتی فارمز تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ یہ تعداد تقریباً اُن 51 کروڑ ووٹروں کا 99 اعشاریہ نو-چار فیصد حصہ ہے، جنھیں اِس مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔
کمیشن نے کہا کہ ابھی تک پچاس کروڑ سے زیادہ فارم تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انتخابی فہرستوں کی SIR کا دوسرا مرحلہ 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام تین علاقوں میں پچھلے مہینے کی 4 تاریخ کو شروع ہوا تھا۔ یہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اِس طرح ہیں: چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، راجستھان، تمل ناڈو، اترپردیش، مغربنگال، پڈوچیری، لکشدیپ، انڈمان و نکوبار جزیرے۔انتخابی فہرستوں پر بڑے پیمانے پر نظر ثانی کا کام حتمی چنائو فہرست، اگلے سال 14 فروری کو شائع ہونے کے بعد پورا ہوجائے گا۔
مغربی بنگال کے دارجلنگ ضلعے میں خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ و ضلع انتخابی افسر منیش مشرا کے دفتر کے مطابق شماریاتی فارموں کی تقسیم، جمع کرنے اور اِنھیں ڈیجیٹائز کرنے کا کام زیادہ تر بوتھوں پر مکمل ہوچکا ہے۔ مجسٹریٹ کے دفتر کے اعداد وشمار کے مطابق 12 لاکھ 92 ہزار 857 اندراج شدہ ووٹروں میں سے 11 لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ووٹروں نے، پُر کئے ہوئے شماریاتی فارم جمع کرا دیئے ہیں اور BLOs نے اِنھیں اَپ لوڈ کردیا ہے۔
خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR مہم کے تحت ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا کام، اترپردیش میں تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ چیف انتخابی افسر نودیپ رِنوا نے کہا ہے کہ SIR کا 100 فیصد کام، ریاست کے 91 ہزار سے زیادہ بوتھوں پر مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ SIR کے کام کو مکمل کرنے میں BLOs کو پورا تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ SIR پروگرام کے سبھی مرحلے پر لگاتار نظر رکھیں اور انتخابی کمیشن کی ہدایات کی 100 فیصد تک تکمیل کو یقینی بنائیں۔