انتخابی کمیشن ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرِ ثانی پہل کے تحت آج بہار میں ووٹر فہرستوں کا مسودہ شائع کرے گا۔ اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ ریاست کے سبھی 38 ضلعوں میں تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کو ووٹر فہرستیں فراہم کی جائیں گی اور اِن ووٹر فہرستوں کو ڈجیٹل شکل میں بھی دستیاب کرایا جائے گا۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ یہ عمل منصفانہ اور سب کی شمولیت والے چناؤ کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
بہار میں ووٹر فہرستوں کا مسودہ شائع ہونے کے بعد آج سے دعوے اور اعتراضات قبول کیے جائیں گے۔ اِس کام کے لیے بوتھ سطح کے 90 ہزار افسروں کو متعین کیا گیا ہے۔ ریاست کے سبھی 243 اسمبلی حلقوں میں سیاسی پارٹیاں اور رائے دہندگان چناؤ رجسٹریشن افسروں کو اپنے دعوے اور اعتراضات پیش کر سکیں گے۔ رائے دہندگان کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ یہ عمل اگلے مہینے کی پہلی تاریخ تک جاری رہے گا۔ دعووں اور اعتراضات سے متعلق درخواستوں کی جانچ 25 ستمبر تک کرلی جائے گی۔ اِس کے بعد حتمی ووٹر فہرستیں 30 ستمبر کو شائع کی جائیں گی اور اسی حتمی فہرست کی بنیاد پر ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔