انتخابی کمیشن آج سہ پہر نئی دلی میں بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔ اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار، دیگر دو چناؤ کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کے ہمراہ میڈیا کو چناؤ کی تاریخوں کی جانکاری دیں گے۔
اس کے ساتھ ہی مثالی ضابطہئ عمل بھی نافذ ہوجائے گا۔ 243 ارکان پر مشتمل بہار اسمبلی کی مدت اگلے مہینے کی 22 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔
انتخابی کمیشن کے وفد نے ایک دن پہلے ہی بہار میں چناؤ کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔ کمیشن کے ارکان نے ریاست میں سبھی بڑی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگیں کیں اور مختلف ضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔
اِس مرتبہ یہ چناؤ بھارتیہ جنتا پارٹی اور جنتا دل یونائیٹیڈ کے حکمراں اتحاد اور راشٹریہ جنتا دل اور کانگریس کی زیرِ قیادت اپوزیشن کے مخلوط اتحاد مہاگٹھ بندھن کے درمیان ہونے کی امید ہے۔ اِس کے علاوہ پرشانت کشور کی جَن سوراج پارٹی، بہار کی سیاست میں خود کو ایک متبادل قوت کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ اِس سے یہ چناؤ اور بھی زیادہ دلچسپ ہوجائے گا۔
سال 2020 میں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد NDA نے 125 سیٹوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی جبکہ مہاگٹھ بندھن کو 110 سیٹیں ملی تھیں۔ آر جے ڈی 75 سیٹوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔x