امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کیلئے طاقت کا استعمال نہیں کریں گے، تاہم انہوں نے اس مطالبے کو دہرایا کہ واشنگٹن کو اس آرکٹک جزیرے کی ملکیت دی جائے۔
Davos میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ گرین لینڈ کو حاصل کرنے کی خاطر بات چیت کیلئے فوری مذاکرات کے خواہاں ہیں۔
گرین لینڈ ڈنمارک کا نیم خودمختار علاقہ ہے، اور ڈنمارک امریکہ کا اتحادی ملک ہے۔ امریکہ اور ڈنمارک شمالی امریکہ اور یوروپ کے اُن 32 ملکوں میں شامل ہیں، جو فوجی اتحاد NATO کا حصہ ہیں۔
ٹرمپ اس سے پہلے بھی کئی بار ڈنمارک سے گرین لینڈ حاصل کرنے کا خیال پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2019 میں صدر کے طور پر اپنی پہلی مدّت کار کے دوران یہ تجویز پیش کی تھی۔
گرین لینڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ امریکہ کا حصہ بننا نہیں چاہتا۔ حالانکہ امریکہ نے پہلے ہی اس جزیرے پر ایک فوجی اڈّہ قائم کر رکھا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے ملک نے گرین لینڈ کو حاصل کرنے کیلئے مذاکرات کی کوشش کی ہے، کیونکہ امریکہ کے علاوہ کوئی اور ملک اس کی حفاظت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔×