June 17, 2025 10:00 AM

printer

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سبھی سے فوری طور پر تہران کو خالی کرنے کے لئے کہا ہے۔

ایران کے قومی نشریاتی ادارے اسلامک ریپبلک آف ایران براڈکاسٹنگ IRIB، اسرائیل کے براہ راست حملے کی زد میں آیا ہے۔ اسرائیلی فوجی حکام نے اِسے اسرائیلی بنیادی ڈھانچے پر حملے کا بدلہ قرار دیا ہے۔ آئی آر آئی بی پر حملہ دونوں طرف سے سویلین بنیادی ڈھانچہ کو نشانہ بنانے میں نمایاں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

ایرانی میزائلوں نے پیر کے روز اسرائیل کے تل ابیب اور بندرگاہی شہر حیفہ پر حملہ کیا، جس سے مکانات تباہ ہوگئے اور عام شہری مارے گئے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ لگاتار چار روز سے جاری ہے۔ اسرائیل نے براہ راست نشریات کے دوران آئی آر آئی بی ٹیلی ویژن کی سہولت سمیت تہران میں واقع ایرانی سرکاری میڈیا کمپنیوں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے نے خلیجی ملکوں کی جانب سے فوری سفارتی کوششوں کو فروغ دیا ہے اور جی- 7 سربراہ کانفرنس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ذریعے وسیع تر علاقائی تنازعے کے امکان کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایران نے قطر، سعودی عرب اور عمان تک پہنچ کر ثالثی کرنے والے اِن خلیجی ثالثی ملکوں سے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اسرائیل پر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے نیوکلیائی مذاکرات میں ایران کی جانب سے نرمی کے بدلے فوری جنگ بندی پر آمادہ کریں۔ خلیجی رہنما اور ان کے اعلیٰ سفارت کار تہران، واشنگٹن اور دیگر ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے کو برقرار رکھتے ہوئے پوری شدت سے کام کر رہے ہیں تاکہ مغربی ایشیا میں دیرینہ حریفوں کے درمیان سب سے سنگین براہ راست ٹکراؤ کو وسیع تر ہونے سے روکا جا سکے۔

یہ سفارتی دباؤ اس وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک نے گزشتہ چار دنوں میں ایک دوسرے کے فوجی، نیوکلیائی اور سویلین بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے کو مسترد نہیں کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ ختم ہو جائے گا۔ تاہم ایک امریکی فوجی افسر کے مطابق صدر ٹرمپ نے پہلے ہی ایران کے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کے اسرائیل کے منصوبے کو مسترد کر دیاہے۔ اسرائیلی فوج نے حملہ کرنے سے قبل راجدھانی کے متاثرہ علاقوں میں عام شہریوں اور ورکروں کو وہاں سے نکل جانے کی وارننگ دی ہے۔

کینیڈا میں جی-7 سربراہ کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تنازعہ ختم کرنے کیلئے نیوکلیائی پروگرام کے بارے میں بات چیت کیلئے واپس آئے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو بات چیت کرنی چاہیے اور اسے فوراً بات چیت کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ امریکہ نے موجودہ تنازعے میں اسرائیل کو براہ راست فوجی مدد فراہم نہیں کی ہے، البتہ ٹرمپ نے مستقبل میں ممکنہ شمولیت کا اشارہ دیا ہے۔ ایران نے اسرائیل کے حملے بند ہونے کی صورت میں جوہری مذاکرات میں واپسی پر اپنی آمادگی کا عندیہ دیا ہے، تاہم دونوں ممالک اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، اسرائیلی شہری ہوا بازی اتھارٹی نے بڑے شہروں پر فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایران نے اسی طرح تہران اور دیگر بڑے آبادی کے مراکز پر شہری پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔x