January 19, 2026 9:36 AM | Trump-Modi

printer

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے، وزیراعظم نریندر مودی کو غزہ میں مستقل امن قائم کرنے سے متعلق ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو دعوت دی ہے کہ وہ اُس ”بورڈ آف پیس“ میں شامل ہوں، جو غزہ میں مستقل امن قائم کرنے کی جانب کام کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے جناب مودی کو اِس سلسلے میں ایک خط بھیجا ہے جسے بھارت میں امریکی سفیر Sergio Gor کی طرف سے سوشل میڈیا پر ڈالا گیا ہے۔

جناب ٹرمپ نے اس خط میں کہا ہے کہ انھیں وزیراعظم کو یہ دعوت دیتے ہوئے اعزاز محسوس ہو رہا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں، امن کو ایک ٹھوس شکل دینے اور عالمی تنازع کو حل کرنے کا ایک دلیرانہ نیا طریقہئ کار اختیار کرنے کی اُن کی کوششوں میں شامل ہوں۔

امریکی صدر نے اِس بورڈ کو غزہ پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا حصہ بتایا ہے۔

اکتوبر میں اسرائیل اور دہشت گرد گروپ حماس نے ٹرمپ کے امن منصوبے سے اتفاق کیا تھا۔ جناب ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو امریکہ کی طرف سے ایک نئے بین الاقوامی ادارے کے طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے، تاکہ غزہ اور اُس کے علاوہ جگہوں پر بھی امن و استحکام قائم کیا جا سکے۔

جناب ٹرمپ نے، جناب مودی سے اپنے خط میں اپنے 29 ستمبر کے اعلان کا ذکر کیا ہے، جو غزہ تنازعے کو ختم کرنے کے ایک جامع منصوبے کے بارے میں تھا۔ انھوں نے اِس خط میں مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے کے اپنے 20 نکاتی خاکے کا بھی ذکر کیا ہے۔ اِس 20 نکاتی منصوبے میں غزہ کو بنیاد پرستی اور دہشت گردی سے پاک ایک ایسا علاقہ بنانا بھی شامل ہے، جس سے اُس کے پڑوسیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔