ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

September 21, 2025 3:02 PM

printer

امریکہ کے ایوانِ تجارت نے H-1B ویزا کیلئے درخواست کی فیس بڑھاکر ایک لاکھ ڈالر کرنے کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان کے تناظر میں تشویش کا اظہار کیا ہے

امریکہ کے ایوانِ تجارت نے H-1B ویزا کیلئے درخواست کی فیس بڑھاکر ایک لاکھ ڈالر کرنے کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان کے تناظر میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں، اُس نے کہا ہے کہ اُسے ملازمین، اُن کے ارکانِ خاندان اور آجروں پر پڑنے والے H-1B ویزا کے نئے ضابطوں کے اثرات پر تشویش ہے۔
امریکی ایوانِ تجارت نے کہا ہے کہ وہ اِس کے پورے مضمرات کا جائزہ لینے اور آگے بڑھنے کے بہترین راستے کے سلسلے میں انتظامیہ اور اُس کے ارکان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔
اِس سے قبل وہائٹ ہاؤس نے امریکہ کی نئی H-1B ویزا پالیسی کے بارے میں بڑی وضاحت جاری کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ایک لاکھ ڈالر کی فیس یک وقتی فیس ہوگی اور یہ صرف نئے درخواست گزاروں پر نافذ ہوگی۔ اُس نے یہ بھی کہا ہے کہ جن لوگوں کے پاس پہلے ہی H-1B ویزا ہے اور وہ سردست ملک سے باہر ہیں، تو انہیں پھر سے وہاں آنے کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ اِس کے علاوہ، درخواست کی تجدید یا موجودہ ویزا ہولڈرس پر، اِس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اِدھر بھارت نے کہا ہے کہ وہ H-1B ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر کی فیس عائد کرنے کے امریکہ کے فیصلے کے اثرات کا جائزہ لے رہا ہے۔ ساتھ ہی بھارت نے یہ بھی کہا ہے کہ اِس اقدام سے انسانی ہمدردی کے مضمرات پیدا ہوسکتے ہیں۔