January 8, 2026 2:51 PM

printer

امریکہ نے اقوام متحدہ کے اداروں اور بھارت-فرانس کی قیادت میں قائم بین الاقوامی شمسی اتحاد سمیت 60 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

امریکہ نے اقوام متحدہ کے اداروں اور بھارت-فرانس کی قیادت میں قائم بین الاقوامی شمسی اتحاد سمیت 60 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل ایک میمورنڈم پر دستخط کئے، جس کا عنوان تھا، امریکہ کے مفادات کے منافی بین الاقوامی تنظیموں، کنونشنز اور سمجھوتوں سے امریکہ کی دستبرداری۔ میمورنڈم پر دستخط کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور غیر اقوام متحدہ کی 66 تنظیموں کا رُکن رہنا، اُن میں شرکت کرنا یا کسی بھی صورت میں اُن کی معاونت کرنا امریکہ کے مفادات کے خلاف ہے۔ صدر ٹرمپ نے تمام وفاقی محکموں اور اداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ان تنظیموں سے امریکہ کی علیحدگی کے عمل کو جلد از جلد نافذ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے اداروں کے معاملے میں علیحدگی کا مطلب یہ ہے کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اِن اداروں میں شرکت اور اُن کی فنڈنگ بند کردی جائے گی۔ اِن اداروں کی فہرست میں 35 غیر اقوام متحدہ تنظیمیں اور 31 اقوام متحدہ کے ادارے شامل ہیں، جن میں آب وہوا کی تبدیلی سے متعلق بین حکومتی پینل IPCC، بین الاقوامی شمسی اتحاد، یوکرین میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر اور اقوام متحدہ کا محکمہ برائے اقتصادی وسماجی اُمور بھی شامل ہیں۔×