مرکزی وزیر داخلہ اور امدادِ باہمی وزیر امت شاہ نے آج اعلان کیا کہ NAFED جلد ہی کسانوں سے براہِ راست خریداری کا سلسلہ شروع کرے گا جس کا مقصد زرعی پیداواری عمل سے بچولیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ وہ امدادِ باہمی کے قومی سال کے موقع پر ممبئی میں منعقدہ ایک قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ جناب شاہ نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ قدم کسانوں کو اپنی پیداوار کی اچھی قیمتیں حاصل کرنے میں مدد دے گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت، امدادِ باہمی کے ماڈل پر مبنی جلد ہی ایک بیمہ کمپنی شروع کرے گی۔ مرکزی وزیر نے مطلع کیا کہ دو لاکھ نئی ابتدائی زرعی کریڈٹ سوسائٹیاں ملک بھر میں قائم کی جائیں گی۔
جناب شاہ نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگلے دس سالوں میں امدادِ باہمی کے بڑے ادارے تین کلیدی شعبوں، برآمدات، آرگینک فوڈ اور بیجوں کے شعبوں میں اُبھریں گے جو کسانوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں نمایاں تعاون کریں گے۔
زراعت کے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ امدادِ باہمی کا جذبہ ہزاروں سال سے بھارت کی مٹی میں گہرائی کے رَچا بسا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سب کی بہبود کا جذبہ بھارت کی رگوں میں دوڑتا ہے جو کہ امدادِ باہمی کا اصل جزو ہے۔ وہ امدادِ باہمی کے بین الاقوامی سال کے موقع پر ممبئی میں منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ جناب چوہان نے مرکز کے ذریعے شروع کردہ اُن مختلف اسکیموں کو اجاگر کیا، جن کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا، زراعت سے منسلک صنعتوں کے ذریعے کسانوں کی کمائی کو بڑھانا اور پائیدار کاشتکاری کے ذریعے حیاتیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہے۔
Site Admin | June 20, 2025 9:46 PM
امدادِ باہمی کے وزیر امت شاہ نے کہا ہے کہ NAFED، کسانوں سے براہِ راست خریداری کرے گا