اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ چناؤ کمیشن پورے ملک میں ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرِ ثانی عمل شروع کرنے کا پہلے ہی فیصلہ کر چکا ہے۔ نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر ریاست اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں یہ عمل انجام دینے کیلئے کام جاری ہے اور انتخابی کمیشن تاریخیں طے کرنے کے بعد باضابطہ اعلان کرے گا۔
چناؤ کمیشن نے بہار میں ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرِ ثانی کا کام مکمل کرلیا ہے۔ اِس کے نتیجے میں اموات ہونے، غیر قانونی تاریکینِ وطن کے نام ہونے اور ایک ہی شخص کے دو ووٹر شناختی کارڈ ہونے کے تناظر میں 69 لاکھ رائے دہندگان کے نام ووٹر فہرست سے ہٹائے گئے ہیں۔ اِس طرح بہار میں رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 43 لاکھ رہ گئی ہے۔
اعلیٰ انتخابی کمشنر نے کہا کہ بہار میں ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرِ ثانی کی پہل کا مقصد زیادہ شفاف اور زیادہ درست ووٹر فہرستوں کو یقینی بنانا تھا۔
بہار میں اسمبلی انتخابات دو مرحلوں، 6 نومبر اور 11 نومبر کو کرائے جائیں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کَل یہ اعلان کیا۔