January 24, 2026 9:38 PM

printer

اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ شفاف اور درست ووٹر فہرستیں، جمہوریت کی بنیاد ہیں

بھارتی انتخابی کمیشن کَل نئی دلّی میں ووٹروں کا 16واں قومی دن منائے گا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو تقریبات کی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے صدارت کریں گی۔ اِس سال ووٹروں کے قومی دن کا موضوع ہے ’’میرا بھارت، میرا ووٹ‘‘۔ تقریبات کے دوران صدر جمہوریہ نئے اندراج کئے گئے نوجوان ووٹروں کو الیکٹرس فوٹو Identity کارڈ سونپیں گی۔ اِس تقریب میں چیف انتخابی کمشنر گیانیش کمار انتخابی کمشنر ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سَندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی کے ہمراہ شامل ہوں گے۔
اعلیٰ انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ شفاف اور درست ووٹر فہرستیں، جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ اِسی مقصد کے تحت ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی SIR شروع کی گئی تاکہ ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل ہو اور ہر نا اہل ووٹر کے نام کو خارج کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات، ووٹروں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔ جناب کمار نے بتایا کہ بہار میں یہ عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکا ہے اور اِس وقت یہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
ڈیجیٹل عہد کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اعلیٰ چناؤ کمشنر نے کہا کہ کمیشن نے ECINet App کے ذریعے چناؤ سے متعلق تمام خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب کرایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں منعقدہ جمہوریت اور چناؤ کے بندوبست سے متعلق بھارت کی بین الاقوامی کانفرنس IICDEM میں70 سے زیادہ ملکوں کے انتخابی بندوبست کے اداروں کے سربراہوں اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ کئی ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔
اعلیٰ چناؤ کمشنر نے نوجوان رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ لازمی طور پر ووٹ ڈالیں اور خود جمہوریت کے سفیر بنیں اور دوسروں کو بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔