اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ جعلی خبریں جمہوریت کیلئے ایک خطرہ ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت سے کی جانے والی دھوکہ دہی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آج لوک سبھا میں وقفہ سوال کے دوران ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے جناب ویشنو نے کہا کہ مسودہ کا ایک نیا ضابطہ شائع کیا گیا ہے، تاکہ مصنوعی ذہانت سے کی جانے والی دھوکہ دہی کی شناخت کی جاسکے اور اُس کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ پریس کونسل آف انڈیا، دونوں اُن شکایتوں کو سرگرمی سے دیکھ رہی ہیں، جو کسی ٹی وی چینل یا اخبار کے خلاف آتی ہیں۔ جناب ویشنو نے کہا کہ جعلی خبروں یا جعلی بیانیئے کا سرگرمی سے مقابلہ کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاستی سرکار اور سول سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی طور پر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں کہ معاشرے میں اعتماد اور بھروسہ برقرار رہے اور اسے مزید مستحکم کیا جانا چاہئے۔
جناب ویشنو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ڈیجیٹل انڈیا کے ذریعہ ملک میں ایک نیا انقلاب لائے ہیں اور قوم اس کے مثبت اثرات دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک بہت سخت قانون نافذ کیا ہے تاکہ آن لائن منی گیمنگ کو منضبط کیا جاسکے، جو ملک بھر کے کروڑوں کنبوں کو فائدہ پہنچارہی ہے۔×