اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ وکست بھارت کے حصول کیلئے تکنیکی بنیاد تیزی سے تیار کی جارہی ہے۔ آج صبح IIT حیدرآباد میں جلسہ تقسیم اسناد کی ایک تقریب کے دوران بھارت کے تکنیکی قیادت والے مستقبل کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ عالمی درجے کی ٹیکنالوجیوں اور مصنوعات کو ڈیزائن کریں۔ جناب ویشنو نے اعلان کیا کہ اس سال ملک کی پہلی سیمی کنڈکٹر چِپ کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیاری کے مرحلے کے تحت 6 سیمی کنڈکٹر پلانٹس کے ساتھ بھارت، دنیا کے اہم ترین سیمی کنڈکٹر ممالک میں سے ایک بننے جا رہا ہے۔
ریلوے اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 2027 میں ملک کی پہلی بلٹ ٹرین چلے گی اور اس کے ساتھ ساتھ وَندے بھارت کا ورژن تین بھی چنئی میں تیار کیا جارہا ہے۔ وزیر موصوف نے مفت ڈیٹا سیٹس اور مصنوعی ذہانت کے تربیتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ بھارت کے AI مشن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جناب ویشنو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت 2047 تک دو بڑی معیشتوں میں اپنا مقام حاصل کرلے گا۔×