اسٹاک ایکسچینجز NSE اور BSE دیوالی کے تہوار کے موقع پر آج ایک خصوصی مہورت کاروباری سیشن کا اہتمام کریں گے۔ اِس علامتی کاروباری سیشن کا اہتمام آج دن میں ایک بجکر 45 منٹ سے دو بجکر 45 منٹ تک کیا جائے گا۔ مہورت کاروباری سیشن ہندوؤں کے نئے مالی سال وِکرم Samvat-2082 کے آغاز کی بھی علامت ہے، جو دیوالی سے شروع ہوتا ہے۔ کَل سَموت-2081 کے آخری دن NSE کا نفٹی اور BSE کا سنسیکس پچھلے سال کے مقابلے بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔ ایسا تصور کیا جاتا ہے کہ مہورت یا مبارک وقت کے دوران کاروبار کرنے سے خوشحالی اور مالی ترقی حاصل ہوتی ہے۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ دیوالی کو نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے ایک مبارک موقع سمجھا جاتا ہے۔
بہت سے سرمایہ کاروں کا یقین ہے کہ مہورت کاروباری سیشن میں شرکت پورے سال خوشحالی لاتی ہے۔ یہ روایت ثقافتی اور مذہبی عقائد سے وابستہ ہے، جہاں تاجر اور سرمایہ کار دولت کی دیوی لکشمی کی پوجا کرتے ہیں، تاکہ آنے والے سال کیلئے خوشحالی حاصل ہو۔
مہورت کاروباری سیشن عام طور پر امید اور تہوار کے جوش وخروش سے بھرا ہوتا ہے، کیونکہ خردہ اور ادارہ جاتی، دونوں قسم کے سرمایہ کار اس میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں، جس سے مارکیٹ میں لکویڈیٹی اور کاروبار کے حجم میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس دیوالی کے موقع پر، چونکہ مارکیٹ میں تیزی آئی ہوئی ہے، لہٰذا توقع ہے کہ مہورت کاروبار سیشن 2025 ایک بار پھر خوشحالی اور امید کے جذبے کو منعکس کرے گا اور بھارت کی سرمایہ کاری کرنے والی برادری کیلئے نئی شروعات ثابت ہوگا۔×