اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کا آج چوتھا دن ہے۔ دونوں طرف میزائل حملوں میں سیکڑوں افراد کی جان جاچکی ہے اور بڑی تباہی ہوئی ہے۔ ایران کی ایٹمی تنصیبات اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل کے پیش بندی کے حملوں کے بعد ایران کے جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور رات میں اُس کے حملوں میں مزید ایک سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
آج صبح سویرے ایران نے تل ابیب اور اسرائیل کے بندرگاہی شہر Haifa پر میزائل داغے، جس سے گھروں کو نقصان پہنچا اور جمعہ کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ دوسری طرف ایران میں اسرائیل کے حملوں میں کم ازکم 224 اموات ہوچکی ہیں۔ ان میں 70 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بارہ سو سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کل اسرائیل کے حملوں میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے انٹلی جینس سربراہ محمد کاظمی اور دو دیگر اعلیٰ افسر مارے گئے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اِرنا نے یہ اطلاع دی ہے۔ اس سے قبل اسرائیل کے حملوں میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کے کمانڈر حسین سلامی مارے گئے تھے۔ اُن کی جگہ جنرل احمد وحیدی کو مقرر کیا گیا ہے۔ آج صبح سویرے ایران کے حملوں میں اسرائیل کا تیل صاف کرنے کا کارخانہ زد میں آیا اور پاور گرڈ کے ایک حصے کو نقصان پہنچا۔ اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ اُس کے لڑاکا جیٹ ہوائی جہازوں نے Quds فورس کے کمان سینٹروں کو نشانہ بنایا، جو ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی ایک خفیہ شاخ ہے۔ x