August 5, 2025 9:51 PM

printer

اتراکھنڈ کے اتر کاشی ضلعے میں بادل پھٹنے سے آئے اچانک سیلاب سے کافی نقصان ہوا ہے۔ کم از کم چار افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہیں، متاثرہ علاقوں میں امداد اور بچاؤ کارروائیاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے

اتراکھنڈ میں اچانک تباہ کن سیلاب آگیا ہے۔ یہ سیلاب آج کھیر گنگا دریا کے اوپری نشیبی علاقے میں، بادل پھٹنے کے سبب آیا، جس سے اترکاشی ضلعے کے دھرالی گائوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ بادل پھٹنے کے بعد کھیر گنگا دریا میں اچانک طغیانی آگئی جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق دھرالی مارکیٹ کے علاقے میں عمارتوں، ہوٹلوں اور دوکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ ابتدائی خبروں کے مطابق کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے۔
فوج، SDRF،NDRF، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ٹیموں کی مدد سے راحت اور بچائو کارروائی جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ سبھی متعلقہ محکموں کو چوکنا کردیا گیا ہے اور راحت اور بچائو کے کام میں فوری طور پر تیزی لانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ راحت کیمپ میں، وافر خوراک کے بندوبست کو یقینی بنائیں اور یہاں ایک ایمبولنس اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم، فوری طور پر تعینات کریں۔ اس کے علاوہ یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ ہرشِل اور جھالا صحت مرکزوں پر وافر تعداد میں بستروں، آکسیجن اور دوائوں کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ترجیحی طور پر محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے اور صورتحال پر لگاتار نظر رکھی جارہی ہے۔
ریاست میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے سکریٹری ونود کمارنے آکاشوانی کے نامہ نگار سے خاص طور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ، پوری طرح الرٹ ہے اور متاثرہ لوگوں کو ہرممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اترکاشی ضلع انتظامیہ نے اِس قدرتی آفت کے پیش نظر یہ ہیلپ لائن نمبرز جاری کئے ہیں:
صفر ایک تین سات چار – دو دو دو – ایک دو چھ، صفر ایک تین سات چار – دو دو دو – سات دو دو، اور نو چار پانچ چھ – پانچ پانچ – چھ چار تین ایک۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے دھرالی گائوں میں اچانک سیلاب کے حادثے کے بارے میں، اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ سے بات چیت کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ بچائو ٹیمیں ریاستی سرکار کی نگرانی میں ہرممکن طریقے سے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے بادل پھٹنے کے حادثے سے متاثرہ لوگوں کے تئیں ہمدردی کا بھی اظہار کیا اور انھوں نے اُن کی تندرستی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اس صورتحال کے بارے میں جناب دھامی سے بات چیت کی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب شاہ نے کہا کہ بھارت-تبت سرحد پولیس کی تین ٹیموں اور قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس کی ٹیموں کو جائے حادثہ کیلئے روانہ کردیا گیا ہے اور یہ ٹیمیں بچائو کا کام انجام دیں گی۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔