اتراکھنڈ میں کَل سے لگاتار تیز بارش ہونے کے سبب ریاست کے زیادہ تر ضلعوں میں روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔
ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران، شدید بارش ہونے کی وجہ سے بیشتر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور ریاست کے میدانی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کی وجہ سے مختلف مقامات پر بند سڑکوں کو کھولنے کا کام بھی جاری ہے۔ دوسری طرف راستے بند ہونے کے سبب چمولی، پتھورا گڑھ، رودرپریاگ اور اترکاشی ضلعے میں موٹرگاڑیوں کی آمد ورفت شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ البتہ انتظامیہ بیشتر راستوں پر بحالی کی خاطر بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ادھر موسمیات محکمے نے اگلے چار دن کے دوران پوری ریاست میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔