اتراکھنڈ میں، آج اور کل کے لیے ریاست کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔ وارننگ جاری کرنے کے پیشِ نظر سبھی ضلع انتظامیہ کو چوکنّا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہئ موسمیات کے مطابق، نینی تال، اُدھم سنگھ نگر، چمپاوت اور پوڑی گڑھوال کے کچھ مقامات پر آج شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران دہرادون، ٹیہری، پوڑی اور ہری دوار ضلعوں کے دوردراز علاقوں میں کل کے لیے شدید بارش کے سلسلے میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس 48 گھنٹے کی مدّت کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہئ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ کچھ روز میں بارش کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
شدید بارش اور تیز ہواؤں کے لیے وارننگ کے پیشِ نظر عام لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اسی دوران ریاست کے بیشتر حصوں میں آج گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔