آندھر پردیش ریاست میں کَل موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے روزمرہ کی زندگی میں رخنہ پڑا۔ آندھر پردیش میں گذشتہ 24 گھنٹے میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔
ریاست آندھر پردیش میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران موسلادھار بارش سے متعلق حادثات میں وجے واڑا میں 2 لوگوں کی موت ہوگئی۔ وِجے نگرم، گنٹور، کرشنا اور دیگر ساحلی ضلعوں میں 24 گھنٹے کے دوران شدید بارش ہوئی ہے۔ گوداوری ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
اِس دوران وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے اپنے کیمپ آفس میں وزراء، قدرتی آفات سے نمٹنے کی اتھارٹی، زراعت اور آبی وسائل کے محکمے کے افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور ریاست بھر میں شدید بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو احتیاطی اقدامات برتنے اور ندیوں، خصوصاً کرشنا ندی کے طاس کے علاقوں میں اچانک سیلاب کی صورتحال پر قریبی نگاہ رکھنے کو کہا ہے۔