RSS کے سَرسَنگھ چالک موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ تنظیم، معاشرے میں نفاق کو ختم کرنے کی خاطر بات چیت کا آغاز کرے گی۔ بنگلورو میں سَنگھ کے 100 سالہ سفر – نئے امکانات پر ایک لیکچر سیریز سے خطاب کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ RSS سماج میں نفاق کو دُور کرنے کے مقصد سے سماجی ہم آہنگی کیلئے کام کرے گا۔ جناب بھاگوت نے اِس بات کو نمایاں کیا کہ 1857 میں پہلی جنگِ آزادی کے دوران، ہندوؤں اور مسلمانوں نے، برطانوی حکمرانی سے آزادی حاصل کرنے کیلئے مل کر لڑائی لڑی تھی۔ جناب بھاگوت نے کہا کہ انگریزوں نے اس اتحاد کو اپنی حکومت کیلئے ایک خطرہ قرار دیتے ہوئے بھارتی سماج میں نفاق کو ہوا دینے کا کام شروع کردیا۔ انھوں نے کہا کہ RSS اس قسم کی تقسیم ختم کرنے کے مقصد سے رابطے کی کوششوں کا آغاز کرے گی۔
RSS کی دیگر پہل قدمیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تنظیم، اپنی سدبھاؤنا کاریہ پہل کے حصے کے طور پر بلاک سطح پر برادری کے مسائل کو حل کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی خاطر ذات سے متعلق لیڈران اور مذہبی رہنماؤں کی مدد لے گی۔ جناب بھاگوت نے اِس مقصد میں تعاون کیلئے مہذب معاشرے پر زور دیا۔