آج BJP نے قومی راجدھانی میں اسمبلی انتخابات سے قبل دلی حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کی۔ پارٹی کے سینئر رہنما انوراگ سنگھ ٹھاکر، دلی BJP کے سربراہ ویریندر سچدیوا اور دیگر رہنماؤں نے عام آدمی پارٹی حکومت کی حکمرانی میں بے ضابطگیوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے کے الزامات سے متعلق دستاویز جاری کیا۔ جناب ٹھاکر نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے جھوٹے وعدے کئے اور دلی کے لوگوں کو گمراہ کیا۔ انہوں نے دریائے جمنا کی آلودگی، دلی میں فضائی آلودگی، بدعنوانی اور دیگر معاملات کا ذکر کرتے ہوئے جناب کیجریوال پر تنقید کی۔ BJP رہنما نے دلی میں مرکزی حکومت کی جل جیون مشن اور آیوشمان بھارت اسکیموں کو نافذ نہ کرنے کیلئے بھی عام آدمی پارٹی پر نکتہ چینی کی۔
جناب ٹھاکر نے جناب کیجریوال پر پوروانچل کے لوگوں کی توہین کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی بدعنوانی کے بغیر حکمرانی کے نام پر اقتدار میں آئی تھی لیکن شہر میں سلسلے وار طریقے سے بے ضابطگیاں کی گئیں اور عام آدمی پارٹی کے مختلف رہنما بدعنوانی کے الزامات میں جیل گئے۔
جناب ٹھاکر نے زور دے کر کہا کہ دلی کے عوام آئندہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو شکست دیں گے۔
اِس دوران جناب کیجریوال نے بی جے پی کے الزامات کویہ کہتے ہوئے مسترد کیا ہے کہ پارٹی کے پاس اب اٹھانے کیلئے کوئی معاملہ نہیں رہ گیا ہے۔
جناب کیجریوال اور دلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے آج نئی دلی کے ایسٹ قدوائی نگر سے مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا کیلئے اندراج کے عمل کا آغاز کیا۔ اِس اسکیم کے تحت قومی راجدھانی میں اہل خواتین کو ہر مہینے ایک ہزار روپے ملیں گے۔x